*نکاح و شادی کا مزاق اڑانا اور اس پہ لطیفے سنانا*
*دشمنان اسلام کی ایک سازش*
وہ تحریریں/پوسٹیں/میسجز وغیرہ جن میں شادی یا میاں بیوی کے متعلق لطیفے ہوتے ہیں اور شادی کامذاق اڑایا گیا ہوتا ہے یا مزاحیہ انداز میں شادی سے دور رہنے کےمشورے ہوتے ہیں یہ سب دشمنانِ اسلام کی جانب سے شروع ہوئے اور پھر اپنے نادانوں نے جانے انجانے میں اس برے طریقہ کو اپنا لیا۔۔
دشمن چاہتا ہے کہ اہل اسلام کے دلوں سے نکاح/شادی کی اہمیت کم کی جائے،ان کی نظروں میں شادی کو عذاب و اذیت بنا کر پیش کیا جائے،شادی والی زندگی کو مشکل دکھایا جائے اور ان کو زنا وبدکاری کی طرف راغب کیا جائے اور اہل اسلام/اہل مشرق کا خاندانی نظام تباہ کردیا جائے۔
حالانکہ نکاح کا حکم اللہ کریم نے دیا، شادی کی ترغیب/تشویق/تحریص حضور تاجدارانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے قول وفعل سے دلائی اور یہ تو اتنی مقدس و عظیم چیز ہے کہ جنت میں بھی ہوگی۔
نکاح سے کاروان حیات رواں دواں ہے،نکاح ایمان کی حفاظت ہے، نکاح تونگری کی ضمانت ہے، نکاح جسم وروح کی پاکیزگی ہے، نکاح عزتوں کی پہرداری ہے، نکاح شرم وحیاء کا تقاضا ہے اور نکاح غیرت مندوں کی نشانی ہے۔
اے اہل ایمان! غیروں کی ان عالمی سازشوں سے ہوشیار رہو۔۔دعا ہے کہ اللہ پاک شادی شدہ لوگوں کو شاد وآباد رکھے اور خواہشمندوں کو نیک پاکیزہ رشتے عطا فرمائے اور ان کے لیے اسباب بنائے۔ امین بجاہ طٰہٰ ویٰسین صلی اللہ علیہ وسلم
احمد اللہ سعیدی عارفی



